لندن/واشنگٹن: برطانوی شہزادہ اینڈریو ایک بار پھر کڑی تنقید کی زد میں آگئے ہیں جب امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا سے تعلق رکھنے والی ریپبلکن نمائندہ نانسی میس نے اُن کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
"شہزادہ اینڈریو کو کٹہرے میں لایا جائے”
نانسی میس، جو اس وقت گورنر آف ساؤتھ کیرولائنا کے عہدے کی امیدوار ہیں، نے جیفری ایپسٹین کیس کی سماعت میں شرکت کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر لکھا:
"اب وقت آ گیا ہے کہ شہزادہ اینڈریو کے خلاف امریکہ میں ممکنہ جرائم پر مقدمہ چلانے پر بات کی جائے۔”
متاثرین کی گواہی اور نانسی میس کا ردعمل
نانسی میس نے بتایا کہ وہ اوور سائٹ بریفنگ کے دوران متاثرین کی شہادت سن کر کمرہ عدالت سے جلدی نکل آئیں، کیونکہ ان کہانیوں نے اُنہیں شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا۔
انہوں نے لکھا:
"ایک حالیہ سروائیور ہونے کے ناطے (صرف دو سال ہوئے ہیں)، میرے لیے یہ سب سننا بہت مشکل تھا۔ مجھے فل بلیون پینک اٹیک ہوا۔ پسینہ، سانس پھولنا، لرزنا، سانس نہ آنا۔”
انہوں نے مزید کہا:
"میں جانتی ہوں کہ متاثرین کس قدر درد میں ہیں اور کس طرح وہ اپنے لیے لڑ رہے ہیں کیونکہ ہم سب کو معلوم ہے کہ ہمارے لیے کوئی اور نہیں لڑے گا۔ خدا تمام متاثرین کو اپنی پناہ میں رکھے۔”
پس منظر
یاد رہے کہ شہزادہ اینڈریو کا نام طویل عرصے سے جیفری ایپسٹین کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے، جو ایک مجرم سیکس آفینڈر تھا اور 2019 میں اپنی قید کے دوران مشتبہ حالات میں ہلاک ہو گیا۔
اینڈریو نے متاثرہ لڑکی ورجینیا جیوفری کے ساتھ تعلقات کے الزامات کی تردید کی تھی لیکن 2022 میں اُنہوں نے ایک عدالتی تصفیہ کیا جس کے بعد عوامی اور شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونا پڑا۔




























