اگر آج بھی اے آر رحمان مجھے بلائیں گے تو میں چلا جائوں گا ،گلوکار شیرازاپل
کراچی پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار شیراز اپل نے بھارتی لیجنڈری گلوکار اور موسیقار اے آر رحمان کو اپنا استاد قرار دے دیا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کرنے والے گلوکار شیراز اپل نے اپنے کیریئر کے دلچسپ واقعات سنائے۔انہوں نے ایک سیگمنٹ کے دوران سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر آج بھی اے آر رحمان مجھے بلائیں گے تو میں چلا جائوں گا کیونکہ ان سے میرا رشتہ دونوں ممالک کے تعلقات سے بڑھ کر ہے وہ ایک مسلمان اور میرے استاد ہیں۔
گلوکار کا جواب سن کر میزبان تابش ہاشمی نے کہا کہ آپ یہ بات پاکستان میں بیٹھ کر بہت آرام سے بغیر کسی خوف و خطرے کے کرسکتے ہیں یہ ہمارے ملک کی اچھی بات ہے لیکن یہی بات اے آر رحمان بھارت میں بیٹھ کر نہیں کرسکتے اگر بھارت میں کسی نے اے آر رحمان سے یہی سوال پوچھا تو وہ جواب تک نہیں دے پائیں گے۔ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے شیراز اپل نے بتایا کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث مختلف فنکاروں کے نام اور چہرے پوسٹرز سے ہٹا دیے لیکن رائیلٹی اب بھی سب کو آ رہی ہے۔ پیسہ نہیں رکا کیونکہ وہ کانٹریکٹ کا حصہ ہے۔




























