فلم "جوان” پر شاہ رخ خان کو بہترین اداکار کا نیشنل ایوارڈ ملنے پر جہاں ان کے مداح خوشی منا رہے ہیں، وہیں ساؤتھ فلم انڈسٹری کی جانب سے اس فیصلے پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔
ملیالم اور تامل فلموں کی اداکارہ کویتا منورنجنی عرف اروشی نے ایوارڈ جیوری پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ خان کو ایوارڈ دینے کا معیار واضح نہیں۔ ان کے بقول، یہ جاننا ضروری ہے کہ جیوری نے شاہ رخ خان اور وجیراگھون جیسے تجربہ کار اداکار کے درمیان کیا فرق محسوس کیا جس کی بنیاد پر ایک کو بہترین اور دوسرے کو معاون اداکار کا درجہ دیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ اروشی کو خود بھی فلم "الوزکو” میں شاندار کارکردگی پر معاون اداکارہ کا نیشنل ایوارڈ دیا گیا ہے۔
اروشی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وجیراگھون ایک لیجنڈ اداکار ہیں جنہیں فلمی دنیا میں کئی دہائیوں کا تجربہ حاصل ہے، ان کی فلم نہ تو بڑے بجٹ کی تھی، نہ ہی اس میں سینکڑوں دنوں کی شوٹنگ ہوئی، پھر بھی انہوں نے 73 سال کی عمر میں بہترین پرفارمنس دی۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں خود 2023 میں وجیراگھون کے ساتھ ایک فلم کی پیشکش ہوئی تھی لیکن کام کی شدت کی وجہ سے انہوں نے انکار کر دیا، جبکہ وجیراگھون نے اس مشکل رول کو بخوبی نبھایا۔
اروشی نے کہا کہ ایسے اداکار کو صرف سپورٹنگ رول کا ایوارڈ دینا انصاف نہیں، کم از کم ان کی کارکردگی پر ایک خصوصی ذکر (Special Mention) ضرور ہونا چاہیے تھا۔ ان کے بقول، ہم شہری ہیں، ٹیکس دیتے ہیں، اس لیے ہمیں حق ہے کہ فیصلوں پر سوال اٹھائیں۔
سورس اردو پوائنٹ































