بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تلاش کیلئے آپریشن تیز کر دیا گیا ہے، عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی؛ آئی ایس پی آر اعلامیہ
صوبہ خیبرپختونخواہ میں سکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 15 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیر ستان کے علاقہ دتہ خیل میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا جہاں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے جب کہ دوسری کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں خفیہ معلومات پر کی گئی، جس میں فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد مارے گئے، ان دہشت گردوں میں 4 افغان تھے جن میں ایک خارجی ونگ کمانڈر عالم محسود بھی شامل ہے۔
فوج کے ترجمان ادارے کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تلاش کے لیے آپریشن تیز کر دیا گیا ہے، مشتبہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی، ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
اس حوالے سے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ وطنِ عزیز سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ قومی اتفاقِ رائے سے جاری رہے گا، بھارتی پشت پناہی یافتہ فتنہ الخوارج کے کارندوں، بشمول سرغنہ عالم محسود، کا مارا جانا سکیورٹی فورسز کی کامیاب حکمت عملی کا ثبوت ہے، انتہاپسندی و دہشت گردی کے خلاف قومی اتفاقِ رائے میں خلل ڈالنے کیلئے کسی سطح پر کوئی سیاسی چال یا توجہ بٹانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی، پاک سرزمین کو جلد ہر خارجی کے شر سے پاک کر دیا جائے گا۔
اسی طرح وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کولاچی اور دتہ خیل میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ عزم استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔




























