سیالکوٹ (28 اگست 2025): پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 512 ملی میٹر بارش ہوئی، جس کے باعث شہر کے کئی حصوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی اور تین بڑے نالے اوور فلو کر گئے۔
سیالکوٹ میں ہنگامی صورت حال
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر کے مطابق یہ خطے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنا شدید اربن فلڈ سامنے آیا ہے۔ شہری علاقوں میں کشتیوں کے ذریعے لوگوں کو نکالا گیا جبکہ متاثرین کے لیے 9 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ شہری گھروں کو چھوڑنے پر آمادہ نہیں، ایک ریلیف کیمپ میں صرف 25 خاندانوں نے پناہ لی مگر بعد میں رشتہ دار اپنے ساتھ لے گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دریائے چناب میں پانی کی سطح اب کچھ کم ہوئی ہے اور پہلے جیسا خطرہ نہیں رہا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز ضلع میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے اسکول اور کالجز بند کر دیے گئے تھے۔
پنجاب بھر میں قہر برپا
شدید بارشوں اور بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑنے کے باعث پنجاب کے کئی اضلاع میں سیلاب نے تباہی مچائی۔
- 25 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
- دریاۓ راوی، چناب اور ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔
- دیہات، بستیاں اور شہر پانی میں ڈوب گئے ہیں۔
گوجرانوالہ ڈویژن میں بھاری نقصان
گوجرانوالہ ڈویژن سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں 15 افراد جاں بحق ہوئے۔
- سمبڑیال میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
- گجرات میں 4، نارووال میں 3، حافظ آباد میں 2 اور گوجرانوالہ میں 1 شخص جاں بحق ہوا۔




























