ہم اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے خواہاں ہیں – امریکی وزیر خارجہ

0
79
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی پر پاکستانی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ، پاکستان کے انسدادِ دہشت گردی اور تجارت میں کیے گئے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کا خواہاں ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اہم معدنیات، ہائیڈروکاربن اور کاروباری شراکت داری جیسے شعبوں میں تعاون سے دونوں ملکوں کے عوام کے لیے خوشحال مستقبل کی راہیں کھلیں گی۔

یومِ آزادی کے موقع پر امریکی کانگریس کے اراکین نے بھی پاکستان کے لیے نیک تمناؤں کے پیغامات بھیجے۔ رکن کانگریس جوڈی چو نے کہا کہ یومِ آزادی کی تقریبات میں شریک ہونا باعثِ فخر ہے اور امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی ہماری شان ہے۔ رکن کانگریس زولوف گرن کے مطابق سیلیکون ویلی میں پاکستانی نژاد امریکیوں کی ایک بڑی اور فعال برادری موجود ہے جو ملک کی ترقی اور فلاح میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں 78واں یومِ آزادی بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس سال کی تقریبات کو "معرکۂ حق کی عظیم فتح” سے منسوب کیا گیا ہے۔ دن کے آغاز پر اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی، نعرۂ تکبیر کی صدائیں گونج اٹھیں، جبکہ مساجد میں فجر کے بعد ملکی ترقی، اتحاد، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شہروں اور گلی محلوں کو سبز ہلالی پرچم اور برقی قمقموں سے سجایا گیا، جبکہ سرکاری و نجی عمارتیں بھی جشنِ آزادی کے رنگوں میں ڈھل گئیں۔

سورس اردو پوائنٹ