وزیراعلیٰ پنجاب اگر بسنت کروانا چاہتی ہیں تو بتائیں کہ جانی نقصان کی صورت ذمہ داری کس پرعائد ہوگی؟

0
27
pakalerts.pk
pakalerts.pk

بسنت کی اجازت دینا شہریوں کی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے، بسنت کے موقع پر موٹرسائیکل پر پابندی فری ٹرانسپورٹ مہیا کرنا نہیں بلکہ صوبے میں کرفیو ہے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری

 امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے سید مودودی اسلامک سینٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بسنت کی اجازت، ناقص انتظامات اور پتنگ کی ڈور سے شہریوں کے زخمی ہونے کے افسوسناک واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ امیرجماعت اسلامی لاہور کا کہنا تھا کہ بسنت کی اجازت دینا شہریوں کی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔پابندی کے باوجود ناقص انتظامات کے باعث پتنگ کی ڈور سے شہری زخمی ہو رہے ہیں جو ضلعی انتظامیہ کی سنگین غفلت کا ثبوت ہے۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ اگروزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بسنت کروانا چاہتی ہیں تو یہ بھی واضح کریں کہ کسی جانی نقصان کی صورت میں ذمہ داری کس پر عائد ہوگی۔

بسنت سے قبل ہی ضلعی انتظامیہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام نظر آ رہی ہے۔امیر لاہور نے کہا کہ بسنت کے موقع پر موٹرسائیکل پر پابندی فری ٹرانسپورٹ مہیا کرنا نہیں بلکہ کرفیو کے مترادف ہے۔ موٹرسائیکل عام آدمی کی روزمرہ زندگی کی بنیادی سواری ہے جسے بند کرنے کی جماعتِ اسلامی کسی صورت اجازت نہیں دے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے موٹرسائیکل پر پابندی کا فیصلہ کیا تو جماعتِ اسلامی بھرپور احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر آئے گی۔آج کے دور میں موٹرسائیکل کی تعداد اس لیے بڑھی ہے کیونکہ عوام کو مناسب اور مکمل پبلک ٹرانسپورٹ میسر نہیں۔ دو چار اہم شاہراؤں پر عارضی ٹرانسپورٹ فراہم کر دینا اس بات کا ثبوت نہیں کہ پورے شہر کو پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔امیر جماعتِ اسلامی لاہور نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کو خام خیالی سے باہر نکل کر زمینی حقائق کا ادراک کرنا ہوگا۔عوام کو سہولیات دیے بغیر پابندیاں لگانا ناانصافی اور بدانتظامی کی واضح مثال ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بسنت سے قبل ہی   پتنگ بازی  اور جان لیوا سرگرمیوں کو فوری طور پر روکا جائے، شہریوں کے تحفظ کے لیے سخت اور مؤثر اقدامات کیے جائیں اور  غفلت برتنے والوں کے  خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے زور دیا کہ بسنت کے حوالے سے واضح اور مؤثر پالیسی بنائی جائے کیونکہ انتظامی غفلت کے باعث قیمتی انسانی جانیں خطرے میں ہیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ صوبے کو آئین و قانون کے مطابق چلایا جائے، نہ کہ جبر اور خوف کے نظام کے تحت۔ عوامی مسائل کا حل پابندیوں میں نہیں بلکہ بہتر حکمرانی اور سہولیات کی فراہمی میں ہے۔ پریس کانفرنس میں سیکرٹری جنرل اظہر بلال، قیصر شریف، شاہد نوید ملک اور دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔