وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نومبر میں احتجاج کی کال دیں گے، جس کے لیے تیاریاں مکمل ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے انہیں پیغام پہنچانے کا کہا تھا، اور جیسے ہی عمران خان فائنل کال دیں گے، پارٹی سڑکوں پر ہوگی۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے ہمارے لیڈرز کو گرفتار کر کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ نے صحت کارڈ اسکیم میں مزید سرکاری اور نجی ہسپتالوں کو شامل کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پالیسی بورڈ کا اجلاس جلد منعقد کیا جائے اور معیار پر پورا اترنے والے ہسپتالوں کو پینل میں شامل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صحت کارڈ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور ہر تحصیل میں کم از کم ایک ہسپتال صحت کارڈ کے پینل میں شامل ہونا چاہیے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صحت احتشام علی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ و ڈویلپمنٹ اکرام اللہ خان، سیکرٹری صحت سید عدیل شاہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صحت کارڈ اسکیم میں نئے ہسپتالوں کی شمولیت، دور دراز علاقوں میں ہسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ اور صحت کے شعبے میں اصلاحات پر تفصیلی غور کیا گیا۔




























