سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے منڈی بہاءالدین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں بہتری کے لیے کام کرنا چاہتی ہے لیکن اپوزیشن کی جانب سے رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے امریکہ، روس، چین، سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے مضبوط تعلقات ہیں اور 2018ء کے بعد کی مشکلات میں کمی آ رہی ہے، افراطِ زر میں کمی جبکہ زرِ مبادلہ کے ذخائر اور برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
سردار ایاز صادق نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی صحت یابی اور جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر انسانیت کے دشمن ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
یوم اقبال کے موقع پر سپیکر نے علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری اور افکار نے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، اتحاد، اور جدوجہد کا جذبہ بیدار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کا پیغام اتحاد، نظم اور ایمان پر مبنی ہے اور اس کے ذریعے آج بھی مسلمانوں کو درپیش مسائل کا حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔ اقبال کا پیغام وقت سے بالاتر ہے اور ان کی تعلیمات آنے والی نسلوں کے لیے راہنمائی کا ذریعہ ہیں۔




























