وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے عرب ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے لیے رقوم بھیجنے کے نئے منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، وزیرِاعظم نے اسلام آباد میں بونا/راست (Buna/Raast) کنیکٹیوٹی منصوبے کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس منصوبے کے تحت پاکستان کے ڈیجیٹل ادائیگی نظام ‘راست’ کو عرب مانیٹری فنڈ کے تحت قائم بونا سے جوڑ دیا گیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کو رقوم بھجوانے کے عمل کو تیز، مؤثر اور کم لاگت بنانا ہے۔ راست اور بونا کے درمیان یہ کنیکٹیوٹی عرب ممالک میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کو اپنے پیاروں کے پاس رقم بھیجنے میں مزید سہولت فراہم کرے گی۔ اس منصوبے سے نہ صرف رقم بھیجنے کا عمل آسان ہوگا بلکہ ترسیلات زر میں بھی خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔
وزیرِاعظم نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عرب دنیا کے ساتھ ہمارے تاریخی تعلقات کو جدید ڈیجیٹل طرز میں مزید مضبوط کرے گا۔ اس منصوبے کا مقصد عرب ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو جلدی اور سستی طریقے سے رقم وطن واپس بھیجنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستان کا پہلا کراس بارڈر فوری ادائیگی کا نظام ہے جو ترسیلات زر کو نہ صرف سستی بلکہ مزید قابل رسائی بنائے گا۔
انہوں نے اپنی تقریر میں یہ بھی ذکر کیا کہ ایف بی آر کی دیجیٹائزیشن ایک اہم چیلنج ہے، جس میں میلنڈا فاؤنڈیشن کی مدد شامل ہے، جبکہ میکنزی اس پروجیکٹ کی کنسلٹنٹ فرم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاور سیکٹر بھی ایک بڑا چیلنج ہے، لیکن حکومت ایک ہوم گرون اکنامک پروگرام پر کام کر رہی ہے، جو جلد ہی لانچ کیا جائے گا۔ یہ پانچ سالہ گھریلو اقتصادی پروگرام معیشت، زراعت، اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں بہتری کے لیے اہم اقدامات تجویز کرے گا۔




























