عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاریاں

0
91
Pakalerts.pk

پاکستان میں 16 نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے، حالانکہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق حکومت آئی ایم ایف کی سفارشات پر غور کر رہی ہے، جس میں پٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) عائد کرنے اور پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کو 60 سے بڑھا کر 70 روپے فی لیٹر کرنے کی تجویز شامل ہے۔

اگر حکومت آئی ایم ایف کی ان سفارشات کو مانتی ہے، تو اس سے ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوگا، جو مہنگائی کے بوجھ تلے پہلے سے دبے عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالے گا۔ 31 اکتوبر کو وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت 1.35 روپے فی لیٹر بڑھا کر 248.38 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 3.85 روپے اضافے کے ساتھ 255.14 روپے فی لیٹر کر دی تھی۔

فی الحال حکومت پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی وصول نہیں کر رہی، مگر اس کے نفاذ سے عوام کو مزید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔