کراچی , متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے پاکستانیوں کو خبردار کیا ہے کہ خلیجی ممالک سے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے پاکستانیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کریں گے، ان کے خلاف فوری کارروائی ہوگی۔ ان میں سے کچھ کو ڈیپورٹیشن، عمر قید اور سخت سزائیں دی جائیں گی۔
کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ یو اے ای میں 18 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں اور پاکستان کے تمام صوبوں سے ویزے جاری کیے جاتے ہیں۔ تاہم، حالیہ دنوں میں یو اے ای میں مقیم یا وزٹ پر جانے والے پاکستانیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا دیکھنے میں آیا ہے۔ اس پر بڑی تعداد میں لوگوں کو گرفتار کیا گیا اور کئی کو 14 سے 15 سال کی سزائیں سنائی گئیں، جبکہ 5 سے زائد پاکستانیوں کو عمر قید کی سزائیں دی گئیں اور اکثر کو ملک سے بے دخل بھی کر دیا گیا ہے۔
بخیت عتیق الرومیتی نے مزید کہا کہ یو اے ای میں رہنے والے پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ پاکستان اور اس کے اداروں یا سیاستدانوں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے سے گریز کریں۔ یو اے ای یا خلیجی ممالک میں رہتے ہوئے ہوشیار رہیں، کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں اور سوشل میڈیا پر اپنے ملک کے خلاف کوئی پروپیگنڈا نہ کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی پاکستانی فیس بک یا دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر منفی پوسٹ کو شیئر یا لائیک کرتا ہے، تو اس کا پیج بھی بند کر دیا جائے گا۔ پاکستان میں بھی ایسے پروپیگنڈے میں ملوث شہریوں کو ویزوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
لہٰذا، پاکستانی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ یو اے ای اور دیگر ممالک کے قوانین کی پاسداری کریں تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی مشکلات سے بچ سکیں۔




























