فیصل آباد, پی آئی اے نے فیصل آباد سے سعودی عرب کے شہر جدہ کے لیے پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔ فضائی پابندیوں کی شکار پاکستان ایئر لائن نے اپنے نقصانات کو کم کرنے کے لیے ایک نئے بین الاقوامی فضائی روٹ پر پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، پاکستان ایئر لائن نے فیصل آباد سے جدہ کے لیے ہفتہ وار بنیاد پر دو طرفہ پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ پہلی پرواز پی کے 763 سے 170 عمرہ زائرین کو جمعہ کے روز روانہ کیا گیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق، یہ پروازیں خاص طور پر عمرہ زائرین کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کریں گی۔
مزید برآں، پی آئی اے اپنے مسافروں کو براہ راست سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے ہمیشہ کوشاں رہتی ہے۔ جدہ کی پروازوں سے سعودی عرب میں مقیم افراد کو وطن واپسی کے لیے براہ راست سفر کی سہولت میسر آئے گی۔ فیصل آباد کی کاروباری برادری نے پی آئی اے کی جدہ کے لیے براہ راست پروازوں کا خیر مقدم کیا ہے۔
فیصل آباد تا جدہ کے علاوہ، بلوچستان سے عمرے کی ادائیگی کے لیے کوئٹہ سے جدہ جانے کے لیے پی آئی اے 6 اگست 2024ء سے براہ راست پروازیں شروع کررہی ہے۔ اس سے پہلے بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے لوگوں کو عمرہ کی ادائیگی کے لیے کوئٹہ اور بعد میں کراچی جاکر سعودی عرب جانا پڑتا تھا، اب وہ کوئٹہ سے براہ راست روانہ ہوں گے۔ ہفتے میں دو پروازوں کے ذریعے اہل بلوچستان کی سفری اذیتوں میں واضح کمی آئے گی۔




























