پیرس اولمپکس 2024 میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے قومی ہیرو ارشد ندیم نے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ پیرس میں جاری جیولن تھرو کوالیفائنگ راؤنڈ گروپ بی میں ان کے مدمقابل بھارتی حریف نیرج چوپڑا بھی شامل تھے۔ قومی ہیرو ارشد ندیم نے 86.59 میٹر کی تھرو کر کے مین راؤنڈ (فائنل) کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
گروپ بی میں بھارت کے نیرج چوپڑا نے 89 میٹر کی تھرو کی اور پہلے نمبر پر رہے، جبکہ گریناڈا سے تعلق رکھنے والے اے پیٹرز نے 88.63 میٹر کی تھرو کی اور دوسرے نمبر پر رہے۔ پاکستان کے ارشد ندیم نے 86.59 میٹر کی تھرو کی اور تیسرے نمبر پر رہے۔
جیولن تھرو کے مقابلوں میں گروپ اے سے 4 کھلاڑیوں نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔ جرمنی کے جولین ویبر نے 87.76 میٹر کی تھرو کر کے پہلے نمبر پر جگہ بنائی، کینیا کے جولیس ییگو نے 85.97 میٹر کی تھرو کی اور دوسرے نمبر پر رہے۔ چیک جمہوریہ کے جیکب وڈلیچ نے 85.63 میٹر کی تھرو کی اور تیسرے نمبر پر رہے، جبکہ فن لینڈ کے ٹونی کیرنن نے 85.27 میٹر کی تھرو کی اور وہ گروپ میں چوتھے نمبر پر رہے۔
ارشد ندیم کی اس شاندار کارکردگی نے پاکستان کے لیے ایک بڑی امید پیدا کر دی ہے کہ وہ فائنل میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ملک کا نام روشن کریں گے۔



























