ضلعی انتظامیہ مردان اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام مردان میں جشن آزادی کی مناسبت سے منعقد ہونے والا گرینڈ آزادی فٹبال کپ 2024 شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے 40 ٹیموں نے اس مہینے بھر جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں حصہ لیا۔ فائنل میچ اسلام باغ ایف سی اور ایم کے سوات کے درمیان کھیلا گیا۔
ایک سنسنی خیز اور سخت مقابلے کے بعد ایم کے سوات کی ٹیم نے 0-1 سے فتح حاصل کی۔ ڈپٹی کمشنر مردان بہزاد عادل اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ ان کے علاوہ ایم پی اے عبدالسلام آفریدی، پاکستان زندہ باد آرگنائزیشن کی چیئرپرسن شگفتہ بی بی، چیئرمین گوہر لالا جی، سید باچہ، اور روح الامین سمیت بڑی تعداد میں تماشائی موجود تھے۔
تقریب کے دوران، ڈپٹی کمشنر بہزاد عادل، عبدالسلام آفریدی، اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سعید اختر نے جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں اور فاتح ٹیم کو 50 ہزار روپے نقد انعام جبکہ رنر اپ ٹیم کو 30 ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔
اس فائنل میچ کے ساتھ ہی آزادی سپورٹس فیسٹیول 2024 اختتام پذیر ہوا۔ اس فیسٹیول میں مردوں کے کرکٹ، فٹبال، والی بال، ہاکی، ٹک بال، کبڈی، مارشل آرٹس، باکسنگ، جمناسٹک، کراٹے، اور کک باکسنگ کے مقابلے شامل تھے، جبکہ خواتین کے لیے والی بال، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی، اور بیڈمنٹن کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے۔



























