ہمارے جاہل مفکرینِ دیواروں سے ٹکریں مار رہے ہیں، عارف علوی

0
77
Pakalerts.pk

سابق صدرِ پاکستان اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء ڈاکٹر عارف علوی نے امریکی لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "ہمارے جاہل مفکرین دیواروں سے ٹکریں مار رہے ہیں۔” ان کا کہنا تھا کہ پہلے پی ٹی آئی پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ سوشل میڈیا پر کروڑوں خرچ کر رہی ہے، مگر جب مخالفین نے اربوں خرچ کیے، تو حقیقت عیاں ہوگئی کہ پاکستانی نوجوانوں کے جذبات کا کوئی مول نہیں۔

ڈاکٹر علوی نے مزید کہا کہ اب مخالفین یہ کہہ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی ایک "کلٹ” بن چکی ہے جس کی وجہ سے 90 فیصد پاکستانی غلط راستے پر چل پڑے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس "راستے” کا تعین وہی پرانے سیاست دان کر رہے ہیں، جو ماضی میں ملک کو لوٹتے رہے ہیں۔ ڈاکٹر علوی نے یہ بھی اشارہ دیا کہ جب بین الاقوامی سطح پر عمران خان کے حق میں آوازیں اٹھنے لگیں، تو اس کو تحریک انصاف کے بیرون ملک ہمدردوں کی اربوں روپے کی سرمایہ کاری قرار دے دیا گیا، حالانکہ 90 فیصد کانگریسی نمائندوں نے عمران خان کے حق میں قرارداد پاس کی۔

سابق صدر نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ عمران خان کے نوجوان حامیوں کے سامنے اربوں کھربوں کا کوئی اثر نہیں، اور یہ کہ مخالفین اپنی کوششوں میں ناکام رہے ہیں۔