ابوظہبی، متحدہ عرب امارات نے رہائشی ویزہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے 2 ماہ کی رعایتی مدت کا اعلان کر دیا ہے۔ اماراتی میڈیا کے مطابق، یو اے ای حکومت نے ملک میں قیام کی غرض سے رہائشی ویزہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو دو ماہ کی مہلت دینے کا اعلان کیا ہے۔ فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹس سکیورٹی کے مطابق، یہ رعایتی مدت یکم ستمبر 2024ء سے شروع ہوگی، جس دوران ویزہ ختم ہونے کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو اپنے قیام کو قانونی حیثیت دینے یا بغیر کسی جرمانے کے ملک چھوڑنے کی اجازت ہوگی۔
اس کے ساتھ ہی، متحدہ عرب امارات نے سیاحتی ویزوں کے ساتھ ہیلتھ انشورنس شروع کرنے کے نئے منصوبے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اماراتی حکام کے مطابق، سیاحتی ویزوں کے لیے ہیلتھ انشورنس ایک نئے منصوبے میں شامل کی گئی ہے، جس کے تحت جلد ہی آنے والے سیاحوں کو ہیلتھ انشورنس حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ ہیلتھ انشورنس ویزہ کے لیے درخواست دیتے وقت حاصل کی جا سکے گی، تاہم اس منصوبے کے آغاز کی تاریخ فوری طور پر واضح نہیں کی گئی۔
اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سہیل سعید الخیلی نے بتایا کہ اس منصوبے سے سیاحوں کو آئی سی پی کی ویب سائٹ یا ایپ کے ذریعے اپنے ویزوں کے لیے آن لائن درخواست دینے کے دوران ہیلتھ انشورنس حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ منصوبے کا مقصد ہنگامی صورتحال میں ہیلتھ کور فراہم کرنا ہے، یہ الیکٹرانک پلیٹ فارم کے ذریعے ہیلتھ انشورنس حاصل کرنے کے عمل کو خود کار بنائے گا جو کہ متحدہ عرب امارات میں تمام بڑی انشورنس کمپنیوں سے پیکجز کی قیمتوں اور اجراء کا انتظام کرے گا۔




























