وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں 21ویں صدی کے ایک عظیم ملک کی حیثیت سے اُبھر چکا ہے۔ انہوں نے سعودی وژن 2030ء کو دنیا بھر کے لیے ایک مثالی نمونہ قرار دیا اور سعودی عرب کی کاروبار، ٹیکنالوجی اور معیشت میں ترقی کو سراہا۔ شہباز شریف نے پاکستانی معیشت کے استحکام میں سعودی تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات پر فخر کرتا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سعودی قیادت اور عوام کو دل کی گہرائیوں سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے سعودی عرب کو مسلمانوں کی عقیدت اور روحانیت کا محور قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام مذہبی اور برادرانہ رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے بھی سعودی عرب کے قومی دن پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے گہرے تاریخی تعلقات کو باہمی اعتماد اور اسلامی بھائی چارے کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے سعودی عرب کی ترقی اور استحکام میں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط اور دیرینہ رشتے کی دوام کے لیے دعا کی۔




























