خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث تعلیمی ادارے بند

0
86
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

خیبرپختونخوا میں حالیہ موسلا دھار بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومت نے ایک ہفتے کے لیے اعلیٰ تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 19 اگست سے 25 اگست تک جامعات اور کالجز میں چھٹیاں رہیں گی جبکہ تدریسی عمل آن لائن جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ سوات، بونیر، مانسہرہ، چترال اور دیگر بالائی اضلاع میں مزید سیلاب کا خطرہ ہے، اس لیے احتیاطی طور پر ادارے بند کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب مری میں بھی شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے باعث 2 روز کے لیے تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر مری کے مطابق صرف آج ہی شہر میں 74 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ادھر سٹی ٹریفک پولیس مری نے سیاحوں کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے۔ بارش کے دوران گاڑی کی رفتار کم رکھیں، غلط اوورٹیکنگ اور ڈبل لائن بنانے سے گریز کریں، اور گاڑیاں صرف مخصوص مقامات پر پارک کریں۔ سی ٹی او مری وسیم اختر کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر ڈائیورشن پوائنٹس پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ٹریفک کنٹرول نمبر 0519269200 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو روز کے دوران راولپنڈی، مری، جہلم، چکوال اور اٹک میں مزید بارشوں کا امکان ہے، اس لیے ممکنہ طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے الرٹ ہیں۔

سورس اردو پوائنٹ