پاکستان اور ایران کا زرعی تجارت کو 3 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق

0
110
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

پاکستان اور ایران نے دو طرفہ زرعی تجارت کو آئندہ دو برسوں میں 3 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کر لیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی قیادت میں تہران جانے والے اعلیٰ سطحی وفد کے دورے کے اختتام پر دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے گئے۔

اعلامیے کے مطابق ایران حکومت اور نجی شعبہ زیادہ تر چاول پاکستان سے درآمد کرے گا، جس سے پاکستانی چاول کو ایک مستقل اور بڑی برآمدی منڈی میسر آئے گی۔ ملاقات میں آم کی برآمدات میں درپیش رکاوٹوں، درآمدی اجازت ناموں میں تاخیر اور زرمبادلہ کے مسائل حل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی۔

ایران کے وزیر زراعت غلام رضا نوری کے مطابق اس وقت دونوں ممالک کے درمیان زرعی اجناس کی تجارت تقریباً 1 ارب 40 کروڑ ڈالر کی ہے، تاہم ایران اور پاکستان کے پاس ایک دوسرے کی ضروریات مختلف موسموں میں پوری کرنے کی بہترین صلاحیت موجود ہے۔ ایران پاکستان کو ڈیری مصنوعات، خشک میوہ جات، پھل اور سبزیاں فراہم کرے گا، جبکہ پاکستان ایران کی مکئی، چاول اور گوشت کی 60 فیصد ضروریات پوری کرے گا۔

مزید برآں دونوں ممالک نے ماحولیاتی تبدیلی اور غذائی تحفظ پر مشترکہ تحقیق کے فروغ، اور ایک مشترکہ زرعی کمیٹی کے قیام پر بھی اتفاق کیا جو ہر چھ ماہ بعد ملاقات کرے گی تاکہ پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔ اس کے علاوہ کسٹم کلیئرنس تیز کرنے، کولڈ اسٹوریج اور گوداموں کے قیام اور سرحدی انفراسٹرکچر کی بہتری جیسے اقدامات بھی شامل ہیں تاکہ جلد خراب ہونے والی اشیا بہتر اور بروقت منڈیوں تک پہنچ سکیں۔

سورس اردو پوائنٹ