بیجنگ (14 ستمبر 2025): صدر آصف علی زرداری اپنے دورہ چین کے دوران زلزلہ وارننگ سسٹم سے لیس ہائی اسپیڈ ٹرین میں سفر کیا۔
صدر زرداری نے چینگدو سے میان یانگ تک کا سفر کیا جو صرف نصف گھنٹے میں مکمل ہوا۔ اس دوران چینی حکام نے صدر پاکستان کو ٹرین کے آپریشن، سروس اور سیفٹی سسٹمز پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ چین کے پاس دنیا کا سب سے بڑا ہائی اسپیڈ ریل نیٹ ورک موجود ہے، جہاں ٹرینیں 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی ہیں۔ مزید یہ کہ چین کا ریلوے ٹریک 45 ہزار کلومیٹر طویل ہے جس سے سالانہ 2 ارب سے زائد مسافر مستفید ہوتے ہیں۔ یہ نیٹ ورک جدید کنیکٹیویٹی کی ایک منفرد مثال ہے۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آلودگی سے پاک الیکٹرک ٹرین اور زلزلہ وارننگ سسٹم انجینئرنگ کا شاہکار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کی جدت پسندی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے دیگر ممالک کے لیے بھی سبق آموز ہے۔




























