علی پور: پنجاب کے شہر علی پور میں کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے کے دوران دو خطرناک ملزمان مارے گئے۔
سی سی ڈی ترجمان کے مطابق مقابلہ تھانہ صدر کی حدود مڈ والہ جنگل میں پیش آیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں زین عرف زینی اور محمد عارف اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے ہلاک ہوگئے۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں ملزمان کا تعلق ڈیرہ غازی خان اور گدائی سے تھا اور یہ مختلف تھانوں کو درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے۔
گزشتہ روز مانگا منڈی میں بھی دو ملزمان ہلاک
گزشتہ روز لاہور کے علاقے مانگا منڈی میں بھی سی سی ڈی کی ٹیم کے ہمراہ نشاندہی کے دوران گرفتار ملزمان اویس اور شہزاد اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے ساتھی توقیر دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پر حملہ کرنے کے بعد فرار ہوگیا، تاہم اس کی تلاش جاری ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ یہ ملزمان چند روز قبل محض 30 روپے کے تنازع پر دو بھائیوں کو تشدد کر کے قتل کرنے میں ملوث تھے۔




























