امریکی عدالت نے چارلی کرک قتل کیس کے ملزم کی ضمانت مسترد کر دی

0
99
pakalerts.pk
pakalerts.pk

یوٹاہ (17 ستمبر 2025): امریکی عدالت نے قدامت پسند کارکن چارلی کرک کے قتل کے ملزم 22 سالہ ٹائلر رابنسن کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ ملزم کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں جج نے واضح کیا کہ اسے ضمانت نہیں دی جائے گی۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹائلر رابنسن کو 10 ستمبر کو چارلی کرک کو گولی مار کر قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ یوٹاہ کاؤنٹی اٹارنی کے دفتر نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ رابنسن پر سنگین قتل اور انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے سمیت دیگر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ استغاثہ نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ ملزم کے لیے سزائے موت کا مطالبہ کریں گے۔

فورتھ ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج ٹونی گراف جونیئر نے جب رابنسن کے خلاف الزامات سنائے تو وہ خاموش بیٹھا رہا اور صرف نام پوچھے جانے پر بولا۔ جج نے جب فیصلہ سنایا کہ اسے ضمانت پر رہائی نہیں ملے گی اور وہ جیل میں ہی رہے گا تو رابنسن نے سر ہلا کر اثبات میں جواب دیا۔

رپورٹس کے مطابق ٹائلر رابنسن کو تاحال کوئی وکیل فراہم نہیں کیا گیا ہے، جبکہ کیس کی اگلی سماعت 29 ستمبر کی صبح 10 بجے ہوگی۔