سمندری طوفان ”شَکتی“ کراچی سے کتنے فاصلے پر ہے؟

0
101
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

سمندری طوفان ’’شَکتی‘‘ کراچی سے 960 کلومیٹر دور، شدت میں کمی

کراچی (7 اکتوبر 2025) — سمندری طوفان ’’شَکتی‘‘ کا دباؤ مسلسل کم ہوتا جا رہا ہے، اور طوفان اس وقت کراچی سے تقریباً 960 کلومیٹر جنوب مغرب میں شمال مغربی بحیرۂ عرب میں موجود ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 6 گھنٹوں کے دوران طوفان مزید کمزور ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اگلے 12 گھنٹوں میں طوفان ایک کم دباؤ میں تبدیل ہوسکتا ہے، جبکہ ماہی گیروں کو احتیاط برتنے اور گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ کے مطابق ہوا کی رفتار 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم آئندہ چند گھنٹوں میں یہ رفتار 45 سے 65 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کم ہو سکتی ہے۔

طوفان ’’شَکتی‘‘ کے اثرات بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔ کوئٹہ اور گردونواح گرد و غبار اور مٹی کے طوفان کی لپیٹ میں ہیں، جس کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہوگئی ہے۔ شدید گرد آلود موسم سے دمہ اور سانس کے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق، مکران کی ساحلی پٹی کے قریب سے گزرنے والے طوفان کے باعث ہواؤں کا رخ سمندر کی جانب ہو گیا ہے، جس سے قندھار سے اٹھنے والا گردوغبار وسطی بلوچستان تک پھیل گیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران موسم بتدریج صاف ہونا شروع ہو جائے گا، تاہم کوئٹہ اور چمن میں خشک اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔