معرکہ حق میں بھارت پاکستان کا کوئی بھی طیارہ نہیں گراسکا ، ڈی جی آئی ایس پی آر کی تصدیق

0
54
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

معرکۂ حق میں بھارت پاکستان کا کوئی طیارہ نہ گرا سکا، ڈی جی آئی ایس پی آر کی تصدیق

راولپنڈی (7 اکتوبر 2025) — پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ “معرکۂ حق” کے دوران بھارت پاکستان کا کوئی بھی طیارہ گرانے میں ناکام رہا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے بلومبرگ کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی ہمیشہ موثر اور خود انحصاری پر مبنی رہی ہے، جس کے تحت ملکی سطح پر تیار کردہ جدید ٹیکنالوجی کو دفاعی نظام میں شامل کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی ٹیکنالوجی — چاہے وہ مشرقی ہو یا مغربی — کے حصول کے لیے تیار رہتا ہے، تاہم ملک بھارت کے ساتھ ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ حقائق کو درست انداز میں پیش کیا ہے اور کسی بھی موقع پر اعداد و شمار سے کھیلنے یا حقائق چھپانے کی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ “معرکۂ حق میں بھارت پاکستان کا کوئی بھی طیارہ نہیں گرا سکا۔”

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، ایک ہفتہ قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ “معرکۂ حق” کے دوران پاکستانی فضائیہ نے 7 بھارتی طیارے مار گرائے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کے چینی ساختہ J-10C لڑاکا طیاروں نے بھارتی فضائیہ کے جدید رافیل جیٹ سمیت متعدد طیاروں کو نشانہ بنایا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستانی اور چینی دفاعی پلیٹ فارمز نے اپنی اعلیٰ کارکردگی اور مؤثریت کو ثابت کیا ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ ماہ پاکستان نے Z-10ME اٹیک ہیلی کاپٹر کو اپنے دفاعی نظام میں شامل کیا، جس سے فضائی اور زمینی آپریشنز میں مزید مضبوطی آئے گی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان اس وقت چینی اور امریکی ساختہ F-16 طیاروں کے امتزاج سے ایک متوازن اور طاقتور فضائی دفاعی نظام تشکیل دے رہا ہے، جو کسی بھی ممکنہ بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔