کل 26 نومبر کو اس نظامِ ظلم کے خلاف آواز بلند کریں گے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، سلمان اکرم راجہ کا پیغام
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی اور سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے 26 نومبر کی شہداء تقریب کے حوالے سے مشترکہ پیغام میں کہا ہے کہ ہم جمہوریت، انسانی حقوق، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی آزادی کیلئے کھڑے ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کل 26 نومبر کو ایک سال مکمل ہو رہا ہے، جب ہم اپنے آئینی حقوق کے لیے اسلام آباد پہنچے تھے۔
یہ سب ہمارے دلوں پر نقش ہے۔ کل شام 5 بجے حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں ہم اکٹھے ہوں گے اور اس نظامِ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے۔ جو پشاور آسکتا ہے ضرور آئے، اور جو نہیں آ سکتا وہ اپنے علاقے میں قرآن خوانی کرے۔ پاکستان کی عوام زندہ، متحد اور باہمت ہے۔
ہم جمہوریت، انسانی حقوق، اپنے اسیران اور عمران خان و بشریٰ بی بی کی آزادی کے لیے کھڑے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے کہا کہ انشاءاللہ کل حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاور فٹبال گراؤنڈ میں ہم اپنے تمام شہداء کو خراجِ تحسین و عقیدت پیش کریں گے۔ ہم شہداء کے خاندانوں، ان تمام اسیر ساتھیوں کو دعوت دیتے ہیں جنہوں نے 9 مئی، اکتوبر، 26 نومبر اور ستمبر میں مشکلات اور جیلیں برداشت کیں۔ ہمارے وہ تمام زخمی ساتھی جو مختلف سانحات میں متاثر ہوئے، وہ بھی کل شریک ہوں گے۔
پوری پی ٹی آئی مل کر انہیں خراجِ تحسین پیش کرے گی۔
دوسری جانب نیوز ایجنسی کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج کیس میں استغاثہ کے گواہ طلب کرتے ہوئے سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کر دی ۔ منگل کے روز سماعت کے دوران پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے وکالت نامے عدالت میں جمع کرا دیئے گئے۔ عدالت نے استغاثہ کے گواہان کو اگلی سماعت پر طلب کر لیا اور سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کر دی ۔ پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف تھانہ ترنول میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے اور آئندہ سماعت میں گواہان کے بیانات ریکارڈ کئے جائیں گے۔




























