اسلام آباد (17 ستمبر 2025): اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی آج کے مقدمات کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی۔ عدالتی اسٹاف کے مطابق چیف جسٹس آج سنگل اور ڈویژن بینچ میں مقدمات نہیں سنیں گے، تاہم اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو جوڈیشل ورک سے روکنے کا حکم دیا گیا تھا، جس اقدام کے خلاف وکلا نے آج ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس طارق محمود جہانگیری کی بطور جج تعیناتی کے خلاف درخواست پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سماعت کی۔ عدالت نے انہیں سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے تک بطور جج کام سے روک دیا۔
ڈویژن بینچ نے سینئر قانون دان بیرسٹر ظفر اللہ خان اور اشتر علی اوصاف کو عدالتی معاون مقرر کیا جبکہ اٹارنی جنرل سے بھی درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر معاونت طلب کی۔ عدالت نے درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
اس عدالتی فیصلے کے بعد وکلا برادری نے شدید ردعمل دیا اور آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہڑتال کی کال دی، جس کے باعث عدالتی ماحول میں غیر یقینی کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔

































