’ایران کسی صورت امریکا کے آگے نہیں جھکے گا‘

0
79
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

تہران (24 اگست 2025): ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے واضح کیا ہے کہ امریکا چاہتا ہے کہ ایران اس کے تابع ہو جائے، تاہم ایرانی عوام ایسی توہین برداشت نہیں کریں گے اور پوری قوت کے ساتھ اس کا مقابلہ کریں گے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق مذہبی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ امریکا کا مقصد ہے کہ ایران ان کے سامنے جھک جائے لیکن ایرانی قوم اپنی مزاحمتی طاقت کے ساتھ ان غلط توقعات کو ناکام بنائے گی۔

انہوں نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کبھی بھی امریکا کے دباؤ میں نہیں آئے گا اور ہر صورت اپنی خودمختاری کا دفاع کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ براہِ راست مذاکرات کی دھمکیاں دینے والے اصل حقائق سے نظریں چرا رہے ہیں کیونکہ امریکا کا رویہ تسلط اور محکومی کا تقاضا ہے، جو کسی بھی طور قابلِ قبول نہیں۔

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بتایا ہے کہ برطانیہ، جرمنی اور فرانس کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے میں یہ طے پایا ہے کہ جوہری مذاکرات آئندہ ہفتے دوبارہ شروع ہوں گے۔ جرمن وزیر خارجہ نے بھی ملاقات کی تاریخ کی تصدیق کر دی ہے۔

یورپی ممالک نے متفقہ طور پر خبردار کیا ہے کہ اگر ایران یورینیم افزودگی روکنے کے حوالے سے کسی معاہدے پر مذاکرات میں شریک نہ ہوا تو اقوام متحدہ کی پابندیاں دوبارہ لاگو کر دی جائیں گی۔

امریکا اور اس کے یورپی اتحادیوں کا الزام ہے کہ ایران ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے باوجود اپنے پروگرام کو ہتھیار بنانے کے لیے استعمال کر رہا ہے، جبکہ ایران مسلسل یہ دعویٰ کر رہا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام صرف پرامن توانائی کی پیداوار کے لیے ہے۔