تل ابیب (14 ستمبر 2025): اسرائیلی وزیر نے اشتعال انگیز بیان دیتے ہوئے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنماؤں کو دوبارہ نشانہ بنانے کی کھلی دھمکی دے دی۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق، اسرائیلی وزرا مسلسل حماس رہنماؤں کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور ساتھ ہی ترکیہ کو بھی بالواسطہ طور پر خبردار کیا ہے۔
اسرائیلی سیکیورٹی کابینہ کے رکن اور توانائی کے وزیر ایلی کوہن نے اپنے بیان میں کہا کہ حماس کے رہنما دنیا میں کہیں بھی پرسکون نیند نہیں سو سکتے۔
یہ بھی پڑھیں: مارکو روبیو کا بیان، حماس کو حکومت کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس میں ترکیہ کے شہر استنبول اور انقرہ بھی شامل ہیں تو ایلی کوہن نے کہا: "دنیا میں کہیں بھی۔۔۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی جگہ درستگی کے ساتھ کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اسرائیلی ویب سائٹ وائی نیٹ کو دیے گئے ایک الگ انٹرویو میں کابینہ کے ایک اور وزیر زیو ایلکن نے بھی کہا کہ "ہم حماس رہنماؤں کا پیچھا کریں گے اور جہاں بھی وہ ہوں گے ان سے حساب لیں گے۔”




























