کراچی: بلدیہ میں ٹریلر حادثہ، 3 موٹر سائیکلیں کچلی گئیں، 4 افراد زخمی

0
72
pakalerts.pk
pakalerts.pk

کراچی (19 ستمبر 2025): شہر قائد میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ نہ تھم سکا، بلدیہ ٹاؤن کے علاقے نمبر 2 کے قریب ایک بھاری ٹریلر نے 3 موٹر سائیکلوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال کراچی منتقل کردیا گیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ 22 ویلر ٹریلر اچانک بے قابو ہوا اور موٹر سائیکلوں پر چڑھ گیا۔ ریسکیو رضا کاروں اور ٹریفک پولیس نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور متاثرہ موٹر سائیکلوں کو ٹریلر کے نیچے سے نکالا۔

ادھر کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 2 میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ سے باپ اور بیٹا زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کی شناخت 45 سالہ شاہد اور 22 سالہ اسامہ عمر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے حب ریور روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے ایک رکشہ حادثے کا شکار ہوا تھا، جس میں پشین سے اپنے بیٹے کی شادی کی خریداری کے لیے آنے والا 45 سالہ شاہ محمد جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے تھے۔ حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تھا، تاہم اس کی تلاش سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے جاری رہی۔