لاہور (11 ستمبر 2025): لاہور میں کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے دو الگ الگ مبینہ پولیس مقابلوں میں 4 ڈاکو مارے گئے، پولیس کے مطابق تمام ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق پہلا واقعہ ماڈل ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں خفیہ اطلاع پر پولیس نے چوہنگ کے علاقے جوبلی ٹاؤن میں چھاپہ مارا۔ ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین ڈاکو—ارشاد، ابراہیم اور فاروق—اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے، جبکہ دو ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
دوسرا واقعہ بھی چوہنگ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں زیرِ حراست ملزم الیاس منشا کو ریکوری کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ اس کے ساتھیوں نے پولیس ٹیم پر حملہ کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں الیاس زخمی ہو گیا اور اسپتال منتقل کیے جانے سے قبل ہی دم توڑ گیا۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سی سی ڈی کی جانب سے ایسے مبینہ پولیس مقابلے تواتر کے ساتھ ہو رہے ہیں، جن میں عموماً پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان "اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ” سے مارے جاتے ہیں۔




























