سندھ حکومت ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرانے میں ارادی طور پر ناکام ہے،ڈمپر ڈرائیورز کی تیز رفتاری اور لاپرواہی ناقابلِ برداشت ہوچکی ہے جو شہر میں بدامنی کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے،ترجمان
کراچی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی راشد منہاس روڈ ڈمپر حادثے کی شدید الفاظ میں مذمت اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرکز بہادر آباد سے جاری کردہ بیان میں ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے بھائی بہن کی ہلاکت دل خراش واقعہ ہے، ستم ظریفی یہ کہ تواتر سے ہونے والے حادثات کے باوجود سندھ حکومت ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرانے میں ارادی طور پر ناکام ہے، متحدہ ترجمان نے کہا کہ ڈمپر حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں اور ہیوی ٹریفک ڈرائیورز کی غفلت سے شہریوں کی زندگیاں خطرے سے دوچار ہیں ڈمپر حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاں پر حکومتی رویہ معنی خیز اور خاموشی ناقابلِ قبول ہے، شہر کی سڑکوں پر ہیوی ٹریفک کی موجودہ صورتحال فوری حکومتی اقدامات کی متقاضی ہے ڈمپر ڈرائیورز کی تیز رفتاری اور لاپرواہی ناقابلِ برداشت ہوچکی ہے جو شہر میں بدامنی کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے، ایم کیو ایم ترجمان نے مطالبہ کیا کہ حادثات روکنے کیلئے ڈمپرز پر کڑی پابندیاں اور سخت لائسنسنگ سسٹم نافذ اور حادثات میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دے کر ورثا کی داد رسی کی جائے۔




























