مون سون کے نئے سپیل میں لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش

0
69
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

لاہور/اسلام آباد/ایبٹ آباد/مری/مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – 30 اگست 2025ء) ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کے نئے اسپیل کے دوران موسلا دھار بارشوں نے سیلاب متاثرین کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ لاہور، مری، آزاد کشمیر، میرپور اور باغ سمیت کئی شہروں میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ پیدا ہوگیا، جبکہ بجلی کا نظام بھی معطل ہو گیا اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ متعدد مقامات پر بارش کا پانی گھروں اور مارکیٹوں میں داخل ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 2 ستمبر تک ملک کے بیشتر حصوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ دریائے راوی، ستلج اور چناب کے اطراف سیلابی صورتحال میں شدت آنے کی پیشگوئی ہے۔ شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔

گزشتہ روز ہونے والی شدید بارش سے لاہور اور دیگر شہروں کے نشیبی علاقے کئی کئی فٹ پانی میں ڈوب گئے جس سے شہری زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک نے کہا کہ موجودہ مون سون سسٹم شمالی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے اور مزید بارشیں سیلابی صورتحال میں اضافہ کریں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک رواں سیزن میں معمول سے 12 فیصد زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سوات، دیر، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، نوشہرہ، صوابی، مری، گلیات، اسلام آباد/راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر کے برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

مزید یہ کہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں، جبکہ موسلا دھار بارش کے باعث لاہور، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، پشاور اور مردان کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔ شہریوں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور سفر سے قبل موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔