لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – 30 اگست 2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ضلع گجرات کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور فلڈ ریلیف کیمپوں میں جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متاثرین سے ملاقات کی اور ان میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔ صوبائی وزیر کشتی کے ذریعے دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ کا معائنہ کرنے بھی گئے۔
عل پور کے علاقے میں متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کر رہا ہے۔ حکومت اس کٹھن گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر متاثرہ خاندان تک ریلیف پہنچایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بارش اور سیلاب سے تباہ ہونے والے انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام جلد شروع ہوگا، نقصانات کے تخمینے کے لیے سروے کیا جائے گا اور اس کی بنیاد پر وزیر اعلیٰ پنجاب ریلیف پیکج کا اعلان کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے شجر کاری کو فروغ دینا اور چھوٹے ڈیم تعمیر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
چوہدری شافع حسین نے مزید کہا کہ گجرات میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے اور تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔ متاثرین نے مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہونے پر صوبائی وزیر اور مسلم لیگ کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ گجرات سٹی کے صدر علی ابرار جوڑا، یوتھ ونگ کے صدر کامران عثمانی، انتظامی اور پولیس افسران بھی موجود تھے۔




























