اسلام آباد: قومی ایئرلائن پی آئی اے نے پاکستان سے کینیڈا کے لیے پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پاکستان سے ٹورنٹو جانے والی تمام پروازیں 13 ستمبر سے 27 ستمبر تک بند رہیں گی۔ ایئرلائن نے وضاحت کی کہ یہ فیصلہ بوئنگ 777 لانگ رینج طیاروں کی مینٹیننس کے باعث کیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ دونوں لانگ رینج طیاروں کا تکنیکی معائنہ اور پرزہ جات کی تبدیلی اگلے تین ہفتوں میں مکمل کی جائے گی۔ یہ معائنہ ہر 10 سال بعد لازمی کیا جاتا ہے تاکہ طیاروں کی کارکردگی اور مسافروں کے سفر کی سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔




























