لاہور: رائیونڈ میں 30 روپے کے معمولی تنازع پر دو بھائیوں کے اندوہناک قتل کے مرکزی ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق مرکزی ملزم شہزاد کو جدید ٹیکنالوجی اور دیگر دستیاب وسائل کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ دوہرے قتل میں ملوث 6 نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 21 اگست کو رائیونڈ میں پیش آیا، جہاں پھل فروش ملزمان نے معمولی جھگڑے پر دو بھائیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ واقعے کے بعد مرکزی ملزم روپوش ہوگیا تھا جبکہ گزشتہ روز ایک اور ملزم اویس کو بھی گرفتار کیا گیا۔ اس کی وہ فوٹیج بھی منظرِ عام پر آئی تھی جس میں وہ نوجوان کو بیٹ مارتا ہوا دکھائی دیا۔
یاد رہے کہ تھانہ رائیونڈ سٹی کے علاقے میں صرف 30 روپے کے تنازع پر ملزمان نے دونوں بھائیوں پر وحشیانہ تشدد کیا۔ تشدد سے 21 سالہ واجد شدید زخمی ہوا اور اسپتال میں دم توڑ گیا، جبکہ اس کا کم عمر بھائی 17 سالہ راشد بھی آئی سی یو میں کئی گھنٹے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گیا۔
واقعے کے بعد مقتولین کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا اور پولیس نے ایک اور ملزم پھل فروش تیمور کو بھی پہلے ہی گرفتار کرلیا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق افسوسناک بات یہ ہے کہ جب دونوں بھائیوں پر بہیمانہ تشدد کیا جا رہا تھا تو موقع پر موجود ہجوم انہیں بچانے کے بجائے ویڈیو بناتا رہا۔ اسی دوران ایک ملزم نے آگے بڑھ کر زخمی بھائی کے سر پر بیٹ دے مارا جس سے وہ بھی بے ہوش ہوگیا۔




























