گیٹس فاؤنڈیشن کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے ایک ملین ڈالر امداد کا اعلان

0
117
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

اسلام آباد (27 اگست 2025): مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی فلاحی تنظیم گیٹس فاؤنڈیشن نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ ڈالر (ایک ملین ڈالر) کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ رقم عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ذریعے پاکستان تک پہنچائی جائے گی۔

گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی یہ امداد ملک کے چاروں صوبوں کے 33 متاثرہ اضلاع میں موجود تقریباً 4 لاکھ 65 ہزار متاثرین کے لیے مخصوص ہے۔ امداد کے تحت سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات اور فوری علاج فراہم کیا جائے گا۔

ڈبلیو ایچ او پاکستان کے نمائندے ڈاپنگ لو نے گیٹس فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ بروقت مدد سیلاب متاثرین کی زندگیوں کو بچانے اور ان کی مشکلات کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او ہر حال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

ڈاپنگ لو نے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث مون سون کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے اور قدرتی آفات کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، لہٰذا صحت عامہ کے تحفظ کے لیے بہتر تیاری اور بروقت ردعمل ناگزیر ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 26 جون سے 27 اگست کے دوران ملک بھر میں سیلاب اور طوفانی بارشوں سے 802 اموات اور 1,088 زخمی ہوئے ہیں۔ اسی دوران 5,584 مویشی ہلاک ہوئے، جبکہ ڈبلیو ایچ او اب تک 3 لاکھ 80 ہزار متاثرین کو طبی امداد فراہم کر چکا ہے۔

مزید یہ کہ سیلاب کے باعث ملک بھر میں 7,465 مکانات تباہ، 658 کلومیٹر سڑکیں، 238 پل اور 7 صحت مراکز مکمل طور پر منہدم جبکہ 89 مراکز کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ سب سے زیادہ تباہی خیبر پختونخوا میں ریکارڈ کی گئی ہے۔