سورج کی روشنی کے انسانی صحت پر کیا اثرات ہوتے ہیں؟

0
121
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

اسلام آباد (26 اگست 2025): سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے اجلاس میں سورج کی روشنی کے انسانی صحت پر اثرات اور ماحولیاتی تبدیلیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس چیئرمین کامل علی آغا کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے سیکریٹری نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ انسانی صحت کے لیے اصل چیلنج سورج کی روشنی نہیں بلکہ تیزی سے بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طرزِ زندگی اور انسانی سرگرمیاں ماحولیاتی تبدیلیوں میں تیزی کا سبب بن رہی ہیں۔

انہوں نے اس جانب بھی نشاندہی کی کہ ماحولیاتی تبدیلی کے ساتھ ساتھ بھارت کی جانب سے بارشوں کے بعد ڈیم بھرنے کے بعد پانی چھوڑنے کا عمل پاکستان کے لیے ایک بڑا خطرہ بنتا جا رہا ہے۔

جوائنٹ سیکریٹری نے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت اور بارشوں کی مقدار میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

اجلاس کے دوران کمیٹی رکن ناصر بٹ نے استفسار کیا کہ بادل پھٹنے (Cloud Burst) سے کیا مراد ہے؟ جس پر ماہرین نے وضاحت کی کہ اس کا مطلب کسی ایک علاقے میں مسلسل اور تیز بارش کا برسنا ہے۔

ریکٹر کامسیٹس نے بھی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ موسم کی غیر معمولی تبدیلی بادل پھٹنے کی ایک بڑی وجہ ہے۔ ان کے مطابق زمین سے بخارات اوپر اٹھ کر بادل بناتے ہیں، اس عمل کو Evaporation کہا جاتا ہے جبکہ بخارات کے جمع ہو کر بادل بننے کو Cloud Formation کہا جاتا ہے۔