مسئلہ کشمیر کے بغیر بھارت سے کوئی بات نہیں ہوسکتی، وزیراعظم شہباز شریف

0
67
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

لندن: وزیراعظم شہباز شریف نے اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر بھارت سے کسی قسم کی بات چیت ممکن نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی خدمات اور قربانیاں بے مثال ہیں، اگر انہیں سونے اور جواہرات میں تولا جائے تو بھی کم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے اس سال ساڑھے 38 ارب ڈالر وطن بھیجے ہیں جو ملک کی معیشت کے لیے بڑی سہارا ہیں۔

بھارت کے ساتھ تعلقات کے بارے میں وزیراعظم نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے بغیر پاک بھارت تعلقات قائم نہیں ہوسکتے، اور اگر کوئی ایسا سمجھتا ہے تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا اور جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہاں ظلم و بربریت جاری ہے اور ہزاروں معصوم شہری شہید ہوچکے ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی حاصل ہوئی جس سے دنیا میں ملک کا وقار بلند ہوا۔

لندن میں منعقدہ اوورسیز کنونشن کا اہتمام اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن نے کیا تھا جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، عطاتارڑ، عون چوہدری، ملک احمد خان اور ساجد تارڑ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

عون چوہدری کے مطابق وزیراعظم کا خطاب سننے کے لیے بڑی تعداد میں پاکستانی شریک ہوئے اور اپنی وطن دوستی کا ثبوت دیا۔ ملک احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم دو دن بعد اقوام متحدہ میں اہم مصروفیات کے سلسلے میں خطاب کریں گے۔