وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایات پر ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے قیام میں پیشرفت

0
104
pakalerts.pk
pakalerts.pk

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر صوبے کے منتخب اضلاع میں ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے قیام کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں 11 اضلاع میں ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے بزنس ماڈلز تشکیل دیے جا رہے ہیں، جو سسٹین ایبل ماڈل کے تحت کام کریں گی۔ اس منصوبے میں گرین انڈوومنٹ فنڈ کی شمولیت بھی تجویز کا حصہ ہے اور اس حوالے سے سمری پر کام جاری ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس محکمہ ہاؤسنگ پنجاب میں منعقد ہوگا، جس کی صدارت سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کریں گے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ٹرانزیشن ٹیموں کی جانب سے وسائل کی منتقلی کے عمل کا جائزہ لیا جائے گا۔ میونسپل کارپوریشن کا عملہ اور وسائل مرحلہ وار پی ایچ اے کو منتقل کیے جائیں گے تاکہ نئے نظام کے تحت ہارٹیکلچر سروسز کو بہتر بنایا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق نئی تشکیل شدہ ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے لیے افسران کا انتخاب سرچ کمیٹی کرے گی، جس کے تحت ایم ڈی، ڈپٹی ایم ڈی اور دیگر افسران تعینات ہوں گے۔ دوسرے مرحلے میں مزید اضلاع میں بھی ایسی ایجنسیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نئے منصوبے کے تحت نہ صرف نئے باغات قائم کیے جائیں گے بلکہ موجودہ باغات کی حالت بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ ان اقدامات کے ذریعے عوام کو مزید سرسبز اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ منتخب اضلاع میں شیخوپورہ، اوکاڑہ، گجرات، جہلم، خانیوال، ننکانہ، رحیم یار خان، مری، جھنگ، خوشاب اور مظفرگڑھ شامل ہیں۔