ڈیرہ غازی خان میں حالیہ مون سون بارشوں کے بعد کوہ سلیمان سے نکلنے والے برساتی نالہ سخی سرور سے صدیوں پرانے نایاب سکے اور دیگر نوادرات دریافت ہوئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر عثمان خالد نے ماہرینِ آثارِ قدیمہ کی ٹیم کے ہمراہ مقامی افراد کے پاس موجود مختلف ادوار سے تعلق رکھنے والے سکوں اور پتھروں کا معائنہ کیا۔ اس دوران مقامی افراد نے مختلف مقامات سے ملنے والے چار سو سے زائد قدیمی سکے اور دیگر نوادرات ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیے۔
ماہرین کے مطابق ان سکوں میں مغلیہ سلطنت، تغلق خاندان، سکھ دور، کنشکا سلطنت، درانی و لودھی خاندان، برطانوی دور، نادر شاہ، بہادر شاہ ظفر، عرب خلفاء اور وسطی ایشیائی سلطنتوں کے سکے شامل ہیں۔ اس انمول دریافت نے ماہرین کو اس خطے کی قدیم تہذیبی اور سیاسی تاریخ پر نئے زاویوں سے تحقیق کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر عثمان خالد کا کہنا تھا کہ یہ دریافت ڈیرہ غازی خان اور کوہ سلیمان کے خطے کی تاریخی اور تہذیبی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے، جو نہ صرف مستقبل میں تحقیق کے دروازے کھولے گی بلکہ سیاحت کے فروغ کے نئے امکانات بھی فراہم کرے گی۔

































