14 اگست اس عظیم جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کا آئینہ دار ہے جو برصغیر کے مسلمانوں نے پاکستان کے قیام کے لیے دیں،چیئر مین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

0
124
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

یومِ آزادی کے موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خصوصی پیغام میں پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 14 اگست نہ صرف آزادی کی قیمتی نعمت کی یاد دلاتا ہے بلکہ اس عظیم جدوجہد اور قربانیوں کی بھی علامت ہے جو برصغیر کے مسلمانوں نے پاکستان کے قیام کے لیے پیش کیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں اور قائدین نے گھر بار، جائیدادیں اور جانیں قربان کر کے ایک آزاد مملکت قائم کی جہاں ہم اپنے دین، ثقافت اور روایات کے مطابق زندگی گزار سکیں۔ یہ قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی اور ثابت کرتی ہیں کہ ایک متحد اور پرعزم قوم ہر مقصد حاصل کر سکتی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کا قیام علامہ اقبال کے خواب اور قائداعظم محمد علی جناح کی جراتمند قیادت کا نتیجہ ہے۔ 14 اگست 1947ء کو پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک خودمختار ملک کے طور پر ابھرا۔ آزادی ایک انمول نعمت ہے اور اس کی حفاظت، بقا اور استحکام ہر پاکستانی کا فرض ہے۔

انہوں نے تمام پارلیمنٹیرین پر زور دیا کہ وہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے کردار ادا کریں۔ مسلح افواج، سیکیورٹی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اپنی جان کی پروا کیے بغیر ملک کے محافظ ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کشمیری اور فلسطینی عوام کی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ پیپلز پارٹی کی خدمات بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھ کر دفاع کو مضبوط بنایا، محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت اور انتہاپسندی کے خلاف جان دی، صدر آصف علی زرداری نے 18ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو خودمختاری دی اور آج بلاول بھٹو زرداری پاکستان کی مثبت شناخت کے لیے سرگرم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایوانِ بالا وفاق کی علامت ہے اور مضبوط و شفاف پارلیمانی نظام قومی وحدت اور ترقی کی ضمانت ہے۔ نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں، اس لیے ان کی تعلیم اور کردار سازی میں سرمایہ کاری ہی پائیدار خوشحالی کی راہ ہے۔ آخر میں انہوں نے قوم سے عہد کرنے کی اپیل کی کہ ہم سب مل کر ایک پُرامن، خوشحال، جمہوری اور مضبوط پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں، جو بانیانِ وطن کے نظریات اور شہدا کے خوابوں کی حقیقی تصویر ہو۔

سورس اردو پوائنٹ