ممبئی (19 اکتوبر 2025): بھارت کے معروف رئیلٹی شو بگ باس 19 میں حصہ لینے والی سوشل میڈیا انفلوئنسر تانیا متل ایک بڑے تنازع میں پھنس گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، تانیا متل پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی پرتعیش زندگی کے حوالے سے جھوٹے دعوے کیے ہیں۔
ممبئی کے مشہور انفلوئنسر فیضان انصاری نے تانیا کے خلاف گوالیار ایس ایس پی آفس میں باضابطہ شکایت درج کرائی ہے۔
درخواست میں فیضان نے مؤقف اختیار کیا کہ تانیا متل نے خود کو ایسے شاندار گھر کی مالکن ظاہر کیا جو فائیو اسٹار ہوٹل جیسا ہے، اور انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ صرف بکلاوا کھانے اور کافی پینے کے لیے دبئی کا سفر کرتی ہیں۔
فیضان انصاری کے مطابق، تانیا کی یہ حرکات سوشل میڈیا پر جھوٹ، خودنمائی اور دھوکے کے کلچر کو فروغ دے رہی ہیں۔
مزید یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ تانیا نے اپنے مبینہ بوائے فرینڈ بلراج سمیت متعدد افراد کو دھوکا دیا، جس کے نتیجے میں ان کے درمیان تنازع پیدا ہوا اور بلراج کو جیل جانا پڑا۔
فیضان کا کہنا ہے کہ وہ ذاتی طور پر ممبئی سے گوالیار گئے تاکہ شکایت کے لیے تمام ضروری شواہد جمع کروا سکیں۔
واضح رہے کہ تانیا متل اس وقت بگ باس 19 کی امیدوار ہیں اور شو میں بھی اپنے پرتعیش طرزِ زندگی کے بیانات کے باعث سوشل میڈیا پر تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا کر رہی ہیں






























