بالی وڈ اداکار سنجے دت کی فیملی میں مبینہ تنازعات کی خبریں گردش کرنے لگیں، جب ان کی بیٹی تریشالا دت کی انسٹاگرام پوسٹ نے مداحوں کو حیران کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تریشالا کی پوسٹ اس وقت وائرل ہے جس میں انہوں نے رشتوں کی حقیقت پر سوال اٹھاتے ہوئے لکھا کہ "ہر وہ شخص جو آپ کا خون ہے، ضروری نہیں کہ وہ آپ کی زندگی میں جگہ بنانے کا حقدار بھی ہو۔”
انہوں نے مزید کہا کہ انسان کو اپنی حفاظت کا حق ہے، چاہے اس کے لیے فیملی سے دور رہنا پڑے۔ "یہ ضروری نہیں کہ کیونکہ کوئی آپ کا رشتہ دار ہے تو وہ آپ پر قابو پانے یا برا سلوک کرنے کا حق رکھتا ہو۔”
تریشالا نے اپنی پوسٹ میں واضح کیا کہ "آپ کسی ایسے شخص کو برداشت کرنے کے پابند نہیں جو آپ کو مسلسل تکلیف پہنچاتا ہو، چاہے اس نے آپ کی پرورش ہی کیوں نہ کی ہو۔”
یہ پوسٹ سنجے دت کو سالگرہ کی مبارکباد دینے کے چند دن بعد سامنے آئی، جس کے بعد ان کے خاندان میں کشیدہ تعلقات کی افواہیں زور پکڑ گئی ہیں۔
خیال رہے کہ سنجے دت ماضی میں کئی بار اپنی فیملی کے طریقہ کار پر بات کر چکے ہیں اور بیٹی کو فلم انڈسٹری میں آنے کی حوصلہ افزائی نہیں کرتے تھے بلکہ دیگر شعبوں جیسے فارنزک سائنس کو اپنانے کی تجویز دیتے رہے ہیں۔































